منگچرحملہ، 18سکیورٹی اہلکار شہید،جوابی کارروائی میں 23 دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر

راولپنڈی (پ ر)آئی ایس پی آر کے مطابق قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کرنے کی کوشش کی جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری آپریشن شروع کیا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری طور پر متحرک کیا گیا، جنہوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنا دیا اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ قلات کے علاقے منگوچر میں ہونے والی کارروائی کے تناظر میں ہرنائی میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا جس میں مزید 11 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب، سہولت کار، اس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ دشمن کا مقصد بلوچستان کے معصوم عوام کو نقصان پہنچانا اور صوبے کے پر امن ماحول کو خراب کرنا تھا، جس میں وہ ناکام ہوئے۔ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ضلع قلات میں دہشت گردی کی کارروائی کے پیش نظر صوبے بھر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں