ترقیاتی محکموں کے سیکرٹریز منصوبوں کے معیار اور بروقت تکمیل کے حوالے سے کوئی کوتاہی نہ کریں، جام کمال

کوئٹہ:۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کی پیشرفت کے جائزہ اجلاس کے دوران ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن بزدار نے آگاہ کیا ہے کہ اس مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل 2568منصوبوں میں سے 1828 منصوبوں کو مکمل کرلیا جائے گا جن میں 444جاری جبکہ 1384نئے منصوبے شامل ہیں، ان منصوبوں کے لئے درکار مکمل فنڈز کا اجراء کیا جارہا ہے، اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ محکمہ منصوبہ بندی وترقیات نے ترقیاتی مد میں آج کی تاریخ تک تقریباً تقریباً 17ارب روپے کی اتھرائزیشن کی ہے، تمام ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور دیگر امور کے جائزہ کے لئے آٹومائزیشن کی جارہی ہے جس کے لئے سافٹ ویئر تیار کیا گیا ہے، اجلاس کے دوران ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد اور فنڈز کے اجراء کے حوالے سے بعض اہم فیصلے بھی کئے گئے، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی تمام متعلقہ محکمے اپنے منصوبوں کے پی سی ون جلد از جلد مکمل کرکے پی اینڈ ڈی میں پیش کریں تاکہ منصوبوں کی منظوری کے فورمز ان کی منظوری دے سکیں، وزیراعلیٰ نے تمام انتظامی سیکریٹریوں کو ترقیاتی منصوبوں کے معائنہ کی ہدایت بھی کی، انہوں نے کہا کہ منصوبوں کے معیار اورا ن کی بروقت تکمیل کی ذمہ داری ترقیاتی محکموں کے سیکریٹریوں اور دیگر افسران پر عائد ہوتی ہے لہٰذا وہ اس حوالے سے کوئی کوتاہی نہ کریں، منصوبے معیاری ہونے اور ان کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل سے ہی عوام ان سے مستفید ہوسکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں