بلوچستان کو دیگر صوبوں سے ملانے والی شاہراہیں متعدد مقامات پر احتجاجوں کے پیش نظر مکمل بند

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کو دیگر صوبوں سے ملانے والی قومی شاہراہیں متعدد مقامات پر احتجاجوں کے باعث بند ، ٹریفک کی روانی معطل ، مسافروں کو روزے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو مسنگ پرسنز اور ایس بی کے ٹیسٹ کے امیدواروں کی جانب سے بلوچستان میں قومی شاہراہوں کو بند کیا گیا جس سے کوئٹہ کراچی این 25شاہراہ منگچر، قلات، سوراب، حب اور مستونگ کے مقامات پر بند رہی ، اسی طرح تفتان کوئٹہ شاہراہ این 40 کرد گاپ ، مستونگ، نوشکی کے مقامات پر بندرہی ساتھ ہی کوئٹہ سبی جیکب آباد شاہراہ این 65سبی بائی پاس ، این 85شاہراہ سوراب بائی پاس، این 70شاہراہ ژوب بائی پاس کے مقام پر احتجاجی دھرنوں کے باعث بند رہیں ۔این ایچ اے حکام کے مطابق این 50، این 10اور این 30شاہراہوں پر ٹریفک بحال رہی۔ شاہراہوں کی بند ش سے مسافروں بلخصوص زورے داروں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ مسافروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شاہراہوں کی بندش کو روکنے کے لئے پائیدار حکمت عملی مرتب کی جائے ۔