پشتون آباد، گیس لیکج کا دھماکہ، نوجوان لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق، 4زخمی
کوئٹہ ( آئی این پی )پشتون آباد میں گیس لیکج دھماکہ، دو افراد جاں بحق جبکہ 4زخمی ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے پشتون آباد میں گیس لیکیج کے باعث افسوسناک دھماکہ پیش آیا جس میں ایک لڑکی سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ بچوں سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ رات تین بجے پیش آیا جس کی ممکنہ وجہ گیس لوڈ شیڈنگ کے دوران گیس بھر جانا اور دوبارہ فراہمی پر دھماکہ ہونا بتایا جا رہا ہے۔ حکومت بلوچستان نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان شاہد رند نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی سے رابطہ کیا جا رہا ہے، جبکہ غیر اعلانیہ گیس لوڈ شیڈنگ کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ اس حوالے سے کمپنی سے گیس سپلائی مینجمنٹ پلان بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ حکومت نے متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے زخمیوں کے علاج میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو بھی گیس لیکج کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔


