کوئٹہ جی پی او کا نظام درہم برہم، صارفین کو سامان گم ہونے اور نقصان کی شکایات

کوئٹہ ( انتخاب نیوز) کوئٹہ میں جی پی او کا نظام درہم برہم، صارفین پریشان، سامان گم جانے اور نقصانات کی شکایات۔ عوامی حلقوں کی جانب سے انتخابات کو بتایا گیا ہے کہ جی پی او کا نظام درہم برہم ہے،ان کے قیمتی سامان ان کے گھر تک پہنچانا دور کی بات ہے جب ہم اپنا سامان رسید سمیت جی پی او جاتے ہیںتو عملہ تعاون نہیں کرتا اور ملبہ کارگو کمپنیوں پر ڈال دیا جاتا ہے کہ وہ سامان روک کر رکھتے ہیںجہاں تک جی پی او کے آن لائن سسٹم کا تعلق ہے جب وہ سامان کی ٹریکنگ کرتے ہیں تو وہ اپ ڈیٹ نہیں ہوتا بس یہی لکھا جاتا ہے کہ 5 یا 6 تاریخ کو سامان روانہ کردیا گیا ہے کوئٹہ کیلئے۔ اس سلسلے میں انتخاب نے ایشیا کارگو جن کا دفتر ساہیوال میں ہے سے رابطہ کیا تو ان کے نمائندے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کا جی پی او واحد جی پی او ہے جو نہ کبھی فون اٹھاتا ہے نہ کبھی بات کرتا ہے،اسی لیے ہم یہ لائحہ عمل بنائیں گے کہ آئندہ ہم کوئٹہ کیلئے کوئی کارگو وصول نہیں کریں گے۔ جی پی او کا موقف جاننے کیلئے انتخاب نے منصور احمد جو جی پی او کی قیادت کررہے ہیں سے رابطہ کیا تو انہوں نے یہ موقف اختیار کیا کہ ہمارے عملے کے 86 بندے انکوائری کی وجہ سے خارج ہوچکے ہیں،عملہ انتہائی کم ہے اسی لیے ذرا سی دشواریاں پیش آرہی ہیں،جہاں تک سامان کے نقصان کا تعلق ہے تو ہم اس کے ذمے دار نہیں ہیں،یہ جو سامان روانہ کررہے ہیں یہ غلطی ان کی ہے کہ وہ پیکنگ صحیح طرح سے نہیں کر رہے۔