ایک اور عہدہ، وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی کے بعد محسن نقوی ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بن گئے

وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کو ایک اور عہدہ مل گیا اور وہ اب ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر بھی بن گئے ہیں۔ایشین کرکٹ کونسل کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو صدر بنانے کی منظوری دے دی گئی۔ایشین کرکٹ کونسل نے اپنے سوشل میڈیا پر بھی محسن نقوی کو صدر بنانے کا اعلان کردیا۔یاد رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی سربراہی عبوری طور پر سری لنکا کرکٹ بورڈ کے صدر شمی سلوا کے پاس تھی تاہم جنرل کونسل اجلاس کے بعد صدارت محسن نقوی کے سپرد کی گئی۔’ایکس‘ پر کی گئی پوسٹ میں کہا گیا کہ محسن نقوی کو ایشین کرکٹ کونسل کا صدر مقرر کردیا گیا ہے جب کہ ان کی قیادت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایشین کرکٹ مسلسل ترقی کر رہی ہے اور خطے میں مزید مواقع اور تعاون کو فروغ دے رہی ہے’۔اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وہ دیگر کرکٹ بورڈز کے ساتھ مل کر ایشیا میں کرکٹ کو آگے لے جانے کی کوشش کریں گے۔واضح رہے کہ محسن نقوی کو گزشتہ سال کے آغاز میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔محسن نقوی کے دوران میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2024 اور اپنے ملک میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، دونوں ایونٹس میں قومی ٹیم گروپ مرحلے میں ہی باہر ہوگئی تھی۔