بلاول بھٹو کی قیادت میں بلوچستان کے امن کو بحال کرکے رہیں گے، سرفرازبگٹی

کوئٹہ(آن لائن)وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت بلوچستان کو مسائل کے بھنور اور دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلا کر عام بلوچستانی کو اس کے جائز حقوق اس کی دہلیز پر پہنچائے گی۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مظلوم کے ساتھ کھڑے ہونے کا عہد نبھایا ہے اور آئندہ بھی دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی رہے گی وزیر اعلی نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کو مثالی عزت و احترام حاصل ہے، اور پہلی بار پیپلزپارٹی کی حکومت نے پانچ خواتین کو ڈپٹی کمشنر تعینات کیا جبکہ چار خواتین صوبائی کابینہ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ خواتین جو دہشت گردی کریں گی گردوں کی معاونت کار بنیں گی پیپلزپارٹی ان کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے گی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن عزیز کا دفاع کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز گڑھی خدا بخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46 ویں برسی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اس عورت کے ساتھ ہے جس کے شوہر اور بچے اس کے سامنے بسوں سے اتار کر بے دردی سے قتل کیے گئے ہم ظالم کے ساتھ نہیں بلکہ مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں گڑھی خدا بخش کے شہدا اس بات کے گواہ ہیں کہ پیپلزپارٹی نے کبھی قربانی سے دریغ نہیں کیا وزیر اعلی نے کہا کہ ہم اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے بھی پاکستان کو بچائیں گے جو عناصر ملک کو توڑنے کے درپے ہیں انہیں یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم دہشت گردوں کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے ہماری حکومت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی امانت ہے جو چاروں صوبوں کی زنجیر تھیں اور رہیں گی انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے عوام کے حقوق کا تحفظ کیا ہم بھی وطن عزیز کے لیے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ آج ہم اس تاریخی مقام سے وعدہ کرتے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف بھرپور لڑائی لڑیں گے، دہشت گردوں کو شکست فاش دیں گے اور عام بلوچستانی کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں گے وزیر اعلی نے کہا کہ وہ ہر فورم پر بلوچستان کے عوام کے حقوق کا دفاع کریں گے، چاہے وہ مرکزی حکومت ہو یا کوئی اور پلیٹ فارم ، انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی میں ملک بھر سے لوگوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ "بھٹو آج بھی زندہ ہے اور تاقیامت زندہ رہے گا”۔ وزیر اعلی نے یقین دلایا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بلوچستان کو درپیش چیلنجز کا خاتمہ کیا جائے گا اور صوبے کو امن و ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بینظیر بھٹو اور صدر آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے خلاف جرات مندانہ کردار ادا کیا جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر انہیں شکست دی وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عام بلوچستانی کے مسائل حل کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں آغاز حقوق بلوچستان پیکج سے لے کر شہید محترمہ بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام تک عوام کو دیے گئے تحفے اس کی روشن مثالیں ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ بلوچستانی عوام کو گلے سے لگایا ہے اور آج بھی اسی جذبے کے ساتھ ان کے ساتھ کھڑی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں