شہری کی شکایت پر ایف آئی اے کی انکوائری ، فرحت اللہ بابرنے الزامات کا ریکارڈ مانگ لیا

ویب ڈیسک : پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فرحت اللّٰہ بابر نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے شکایت اور الزامات کا ریکارڈ مانگ لیا۔ایف آئی اے نے شہری کی شکایت پر پی پی رہنما فرحت اللّٰہ بابر کو نوٹس بھیجا تھا، جس پر اپنے تحریری جواب میں سینئر سیاستدان نے شکایت اور الزامات کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔پی پی رہنما فرحت اللّٰہ بابر کو ایف آئی اے نے 28 مارچ کو نوٹس کے ذریعے طلب کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ شہری نے فرحت اللّٰہ بابر پر ٹیکس چوری اور بدعنوانی کے الزامات لگائے ہیں۔فرحت اللّٰہ بابر نے تحریری جواب میں موقف اختیار کیا کہ جن الزامات کی انکوائری کی جارہی ہے، اُن سے متعلق ایف آئی اے نوٹس میں فہرست یا دستاویزات نہیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی قانونی حقوق کی خلاف ورزی کے باوجود میں طلبی پر ایف آئی اے پیش ہوا، مجھ سے ٹیکس، آمدن اور اثاثہ جات سے متعلقہ دستاویزات جمع کروانے کا کہا گیا۔پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ اثاثہ جات کے گوشوارے اور وہ تمام دستاویزات دی جائیں، جن کی بنیاد پر شکایت کی گئی، طویل عرصے سے کسی سرکاری عہدے پر فائز نہیں، بتایا جائے کون سے عہدے کا ناجائز استعمال کیا۔فرحت اللّٰہ بابر نے کہا کہ جس انداز میں انکوائری بڑھائی جا رہی ہے، وہ بھی کئی سوالات کو جنم دیتی ہے، یہ انکوائری ناقابلِ جواز ہے اور اس کے ختم کیے جانے کی درخواست کرتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں