اسحاق ڈار سرکاری دورے پر کابل پہنچ گئے، سیکورٹی اور ٹرانزٹ ٹریڈ پر تبادلہ خیال

کابل، اسلام آباد (آئی این پی) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار ایک روزہ سرکاری دورے پر کابل پہنچ گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کابل کے ہوائی اڈے پر ڈاکٹر محمد نعیم وردگ ڈپٹی وزیر خارجہ، مفتی نور احمد، ڈی جی وزارت خارجہ، فیصل جلالی، چیف آف اسٹیٹ پروٹوکول نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا استقبال کیا، اس موقع پر افغانستان میں پاکستان کے ہیڈ آف مشن سفیر عبید الرحمان نظامانی اور سفارتخانے کے افسر بھی موجود تھے۔ وزیر خارجہ وفد کے ہمراہ سیکورٹی اور امن و سلامتی سے متعلق مذاکرات کیلئے کابل پہنچے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ یہ دورہ افغان عبوری وزیر خارجہ کی دعوت پر کیا جارہا ہے۔ کابل میں پاک افغان مذاکرات کے دوران وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند زاد اور افغان ہم منصب امیر خان متقی سے ملاقات کی جس میں سیکورٹی سمیت دیگر دو طرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے افغان عبوری وزیراعظم ملا محمد حسن اخوندزاد سے ملاقات کی جس میں سکیورٹی، تجارت، ٹرانزٹ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ ملاقات میں عوامی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، ملاقات میں برادرانہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کے لیے اعلیٰ سطح تبادلوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں