اے این پی کا بلوچستان اسمبلی میں چیئرمین پی ٹی اے کے رویے کیخلاف مذمتی قرار داد جمع
کوئٹہ (آن لائن) چیئرمین پی ٹی اے کااے این پی کے مرکزی صدر ایم ولی خان سے غیرمناسب رویہ ،عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے بلوچستان اسمبلی میں چیئرمین پی ٹی اے کے غیرمناسب رویے کیخلاف مذمتی قرار داد جمع کرادی گئی مذمتی قرارداد پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی ، ملک نعیم بازئی ، سلیمہ خان کاکڑ نے جمع کرائی قرار داد کا متن ہے کہ پاکستان میں سیاست اور سیاستدانوں کو بدنام کرنے کی کوششیں کوئی نئی بات نہیں ہیں جب بھی کوئی سیاسی جماعت یا رہنما اصولی موقف اختیار کرتا ہے، اسے منظم سازشوں اور کردار کشی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم، عوامی نیشنل پارٹی اپنے نظریات اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے ہمیشہ ثابت قدم رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی چیئرمین پی ٹی اے کی نااہلی اس وقت کھل کر سامنے آئی جب وہ سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان کے عوامی مفادات سے متعلق اہم سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے اس موقع پر انہوں نے نہ صرف غیر سنجیدہ اور بھونڈا رویہ اختیار کیا بلکہ اپنی نااہلی کو مزید واضح کیا عوامی نیشنل پارٹی کے اکابرین نے کبھی نہ تو فرنگیوں کی غلامی قبول کی اور نہ ہی آج کسی سے مرعوب ہوئے ایسی صورت میں ایک ریٹائرڈ جنرل کیسے جرات کر سکتا ہے کہ وہ عوامی نمائندوں کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرے؟ عوامی نیشنل پارٹی وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ تمام وفاقی اداروں کے سربراہان کا تقرر صلاحیت اور پیشہ ورانہ قابلیت کی بنیاد پر کیا جائے چیئرمین پی ٹی اے کو ٹیلی کمیونیکیشن کے بنیادی اصطلاحات اور تکنیکی امور کا بھی علم نہیں،وہ ایک حساس اور اہم ادارے کے سربراہ کے لئے ناقابل قبول ہیں انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی اداروں کو نااہل ریٹائرڈ افسران کے ذریعے تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی عوامی نیشنل پارٹی اس معاملے کو ہر فورم پر اٹھائے گی اور اس حوالے سے بلوچستان اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کی تاکہ اس اہم نوعیت کے معاملے پر بات کی جائے۔


