بلوچ خواتین کو مارا گیا، ان کے لیڈر کا کوئی بیان نہیں آتا، بی وائی سی بلوچستان کی آزادی کی وکالت کرتی ہے، سراز فراز بگٹی

اسلام آباد (این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، بھارت کو جنگ میں منہ کی کھانا پڑی،بھارت شکست کے بعد اب پراکسیز کا سہارا لے رہا ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی ”را‘’فتنہ الہندوستان کی سرپرستی کررہی ہے، خود ساختہ لاپتہ ہونے کی شرح جبری لاپتہ ہونے سے زیادہ ہے،بلوچستان میں کسی بڑے ملٹری آپریشن کی ضرورت نہیں۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان پاکستان کا امن داﺅ پر لگانے کی سازش کررہا ہے، بھارتی میڈیا نے کراچی پورٹ کے حوالے سے جعلی خبر چلائی کہ تباہ ہوگیا، بھارت کو جنگ میں منہ کی کھانا پڑی جس کے بعد بھارت اب پراکسیز کا سہارا لے رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ دشمن ہمارے خلاف پراکسی وار کررہا ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘فتنة الہندوستان کی سرپرستی کررہی ہے، بھارت کا شیطانی کھیل بے نقاب ہوگیا۔ سرفراز بگٹی نے دہشت گردوں کی آڈیو چلاتے ہوئے کہاکہ ریاست کے پاس فتنة الہندوستان کےخلاف بہت مضبوط ثبوت ہیں،راہینڈلرزفتنہ الہندوستان کو خفیہ معلومات فراہم کررہے ہیں، ہمارے پاس بہت زیادہ ثبوت ہیں لیکن ان کو مناسب پلیٹ فارم پر شیئر کیا جائے گا۔ معصوم لوگوں کے مارے جانے پر، بلوچ خواتین کو مارا گیا ان کے کسی لیڈر کا کوئی ایک بیان نہیں آتا ، بی وائی سی کے جتھے جہاں سے گزرتے پاکستان کے جھنڈے کو ماچس لگاتے ہیں، بلوچستان کی آزادی کا وکالت کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے ذریعے خضدار میں بچوں کو شہید کرایا گیا، انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں کسی بڑے ملٹری آپریشن کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے لوگ فیصلہ کرچکے کہ فتنة الہندوستان کا بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں، فتنہ الہندوستان کو بلوچ روایات، کلچر اور تہذیب و تمدن سے نہ جوڑا جائے۔