دالبندین، بارڈر انٹری فیس کیخلاف گاڑی مالکان کا احتجاج، مرکزی شاہراہ بند
دالبندین (صباح نیوز) دالبندین مغربی بائی پاس پر 282 انٹری گاڑی فیس، مالکان نے پاکستان ایران شاہراہ بند کردی۔ دالبندین کے مغربی بائی پاس پر 282 انٹری رکھنے والے گاڑی مالکان نے پاکستان ایران شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا، جس کے باعث تفتان سے کوئٹہ اور کوئٹہ سے تفتان جانے والی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ شاہراہ تقریباً چار گھنٹے تک بند رہی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انٹری ہمارا حق ہے، جو ہمیں گزشتہ نو ماہ کی مسلسل کوششوں کے بعد ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان 282 انٹریوں کو انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے تمام مراحل سے گزار کر منظوری دی، اور ان افراد کو دالبندین کی پرانی فہرست میں شامل کیا گیا۔ مظاہرین کے مطابق،250 گاڑی مالکان نے اپنا پہلا راﺅنڈ بھی مکمل کرلیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ چند افراد کے احتجاج کے بعد ان انٹریوں کو دوبارہ روکنا سراسر ناانصافی ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ یہ انٹری فہرست ایک دن، ایک ہفتے یا ایک ماہ میں نہیں بنی بلکہ نو ماہ کی مکمل جانچ پڑتال، ویری فکیشن اور پراسیس کے بعد تیار کی گئی ہے۔ مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ اگر 282 انٹریوں پر کسی کو اعتراض ہے تو تمام پرانی اور نئی انٹریوں کو ایک ساتھ جمع کرائیں۔


