امریکی حملوں سے ایرانی جوہری تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچا، واشنگٹن پوسٹ کا دعویٰ
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی اخبار نے امریکی حملوں سے ایران کی جوہری تنصیبات کو خاطر خواہ نقصان نہ پہنچنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ دعویٰ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے ایرانی حکام کے درمیان ہونے والی گفتگو کی بنیاد پرکیا۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس حکام نے سینئر ایرانی حکام کے درمیان ہوئی گفتگو ریکارڈ کرنے کے بعد یہ بات کہی ہے، جس کے مطابق امریکی حملوں نے ایرانی جوہری پروگرام کو صرف کچھ مہینوں تک پیچھے کیا ہے۔ مذکورہ خبر پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان وائٹ ہاوس نے کہا کہ نامعلوم ایرانی حکام جانتے ہیں کہ جوہری تنصیبات کو کتنا نقصان پہنچا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی حملوں میں ایرانی جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ سی آئی اے ڈائریکٹر جان ریٹکلف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سی آئی اے کی معلومات اور نئے انٹیلی جنس نظام کے تحت ملنے والی اطلاعات کے مطابق امریکی حملوں میں ایرانی جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔


