محکمہ سماجی بہبود بلوچستان میں رجسٹرڈ تمام فلاحی تنظیموں اور اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی
کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کی چیرٹیز اینڈ ریگولیشن اتھارٹی نے محکمہ سماجی بہبود میں رجسٹرڈ تمام فلاحی تنظیموں اور اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کردی، فلاحی تنظیموں اور اداروں کو ایک ماہ کے اندرچیرٹیز اینڈ ریگولیشن اتھارٹی سے رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کردی گئی بغیر رجسٹریشن کے کام کرنے والی فلاحی تنظیموں اور اداروں کیخلاف کارروائی کے اختیارات ڈپٹی کمشنروں کے سپرد کردئیے گئے۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان چیرٹیز اینڈ ریگولیشن اتھارٹی سلیم کھوسہ نے بتایا کہ بلوچستان میں 1500 این جی اوز، فاﺅنڈیشن، ٹرسٹ، مدارس، مساجد، ایسوسی ایشنز، یونیز، کمیونٹی آرگنائزیشنز محکمہ سماجی بہبود میں رجسٹرڈ تھے، ان تمام فلاحی تنظیموں اور اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب ان فلاحی تنظیموں اور اداروں کو 31 جولائی تک دوبارہ بلوچستان چیرٹیز اینڈ ریگولیشن اتھارٹی میں رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان چیرٹیز اینڈ ریگولیشن اتھارٹی نے بتایا کہ رجسٹریشن کے بغیر فنڈز وصول کرکے کام کرنے والی فلاحی تنظیموں اور اداروں کیخلاف کارروائی کے اختیارات ڈپٹی کمشنروں کے سپرد کردئیے گئے ہیں، جو ایک سال قید یا بیس لاکھ روپے جرمانے یا دونوں سزائیں دے سکتے ہیں۔


