خیبر پختونخوا سینیٹ انتخابات میں تحریک انصاف نے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی

پشاور (انتخاب نیوز)خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف نے 6 اور اپوزیشن جماعتوں نے 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی۔ خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پرووٹ ڈالے گئے اور اسمبلی کے تمام 145 اراکین نے ووٹ کاسٹ کیا۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق 7 جنرل نشستوں میں سے 4 نشستوں پر پی ٹی آئی کامیاب قرار پائی، پی ٹی آئی کے مرادسعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور نورالحق قادری جنرل نشستوں پرجیتے۔ غیرسرکاری نتیجے کے تحت اپوزیشن جماعتیں 3 جنرل نشستوں پرکامیاب ہوئیں، ن لیگ کے نیاز احمد، پیپلز پارٹی کے طلحہ محمود اور جے یو آئی کے عطاءالحق جنرل نشستوں پر جیتے۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار مراد سعید جنرل نشست پرجیت گئے، انہیں 26 ووٹ ملے، فیصل جاوید کو 22 اور نورالحق قادری کو 21 ووٹ ملے۔ مرزا آفریدی کو 21 ووٹ ملے۔ خواتین کی 2 نشستوں میں سے ایک پر پی ٹی آئی کی روبینہ ناز اور دوسری پر پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد کامیاب ہوئیں۔ غیر حتمی نتیجے کے مطابق خواتین کی نشست پر پی ٹی آئی کی امیدوار روبینہ ناز کو 89 ووٹ ملے۔ ٹیکنو کریٹس کی نشستوں میں سے ایک پر پی ٹی آئی کے اعظم سواتی اور دوسری پر جے یو آئی کے دلاور خان جیت گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں