سریاب کے عوام کی خدمت میرا نصب العین، کسی قسم کی حق تلفی نہیں ہونے دیں گے، علی مدد جتک
کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ سریاب کے عوام کی خدمت میرا نصب العین ہے ، عوام کو صحت ، تعلیم، روزگار کی سہولیات مہیا کرنا ہمارا فرض ہے ، سریاب کے عوام کی کسی قسم کی حق تلفی نہیں ہونے دیں گے، ہیلتھ کیئر سینٹر زراعت کالونی سے مشینری منتقلی کا کام رکوا دیا گیا ہے ۔ یہ با ت انہوں نے ہفتہ کو اپنی رہائشگاہ پر حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ سریاب کے عوام نے مجھے انکے مسائل حل کرنے کے لیے منتخب کیا ہے ،حلقے میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوچکا ہے ، عوام کے لیے صحت ،تعلیم، سڑکوں ، سمیت تمام شعبوں میں اسکیمات پر کام جاری و ساری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر سینٹر زراعت کالونی سے مشینری منتقلی کی اطلاع ملتے ہی صوبائی وزیر صحت سے رابطہ کر کے مشینری منتقلی کا کام رکوا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی زراعت کالونی کے ہیلتھ کیئر سینٹر کو مکمل طور پر فعال اور اس کا افتتاح کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سریاب کے عوام کے حقوق کا تحفظ اور ان کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے عوام کی ہر شکایت کر فوری نوٹس لیکر کاروائی کی جائیگی ۔


