بیوٹمز لیکچرار، سریاب سے لائبریری انچارج و دیگر کا لاپتہ ہونا ناقابل قبول ہے، نیشنل پارٹی

کوئٹہ(یو این اے )نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے بیوٹمز کے لیکچرر ڈاکٹر عثمان قاضی اور ان کے بھائی کی ماورائے آئین و قانون گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بنیادی انسانی حقوق اور آئین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق سریاب روڈ سے لائبریری انچارج سمیت دیگر افراد کو بھی غیر قانونی طور پر حراست میں لے کر لاپتہ کیا گیا،۔ترجمان نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 10 کے تحت ہر شہری کو گرفتاری کی صورت میں عدالت کے سامنے پیش کیے جانے کا حق حاصل ہے، اور اس حق کی پامالی ناقابلِ قبول ہے۔ نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عثمان قاضی اور دیگر کو فوری بازیاب کر کے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے، اور اگر کوئی الزام ہے تو آئینی و قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کی جائے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ نیشنل پارٹی ایک سیاسی و جمہوری جماعت ہے جو آئین و قانون کو مقدم سمجھتی ہے اور عوام کے آئینی و جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں