حکومت بلوچستان کی جانب سے خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان روانہ کردیا گیا
کوئٹہ (انتخاب نیوز) حکومت بلوچستان کی جانب سے خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی بڑی کھیپ روانہ کردی گئی۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند اور ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان نے امدادی کھیپ متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کی۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ گلگت بلتستان کے پندرہ سو اور خیبر پختونخوا کے ایک ہزار متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی سامان بھجوایا گیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی فوری امداد کے لئے سامان روانہ کردیا گیا۔ متاثرین کے لیے بلوچستان سے نان فوڈ آئٹم ریلیف بھیجی گئی۔ بلوچستان حکومت مشکل کی گھڑی میں گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ سیلاب متاثرہ بھائیوں کی مدد بلوچستان حکومت کی انسانی ہمدردی اور یکجہتی کا عملی اظہار ہے۔ بلوچستان کے عوام کے دکھ، درد اور وسائل گلگت بلتستان و خیبر پختونخوا کے متاثرہ بھائیوں کے ساتھ شریک ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان نے کہا کہ امدادی کھیپ میں متاثرہ خاندانوں کی فوری ضرورت کے مطابق اعلیٰ معیار کی اشیاءشامل کی گئی ہیں۔ بلوچستان حکومت نے متاثرین کے لیے معیاری اور جانچ شدہ ریلیف سامان بھیجا ہے۔ ادارے نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ متاثرین کو فراہم ہونے والا ہر آئٹم معیاری اور استعمال کے قابل ہو۔


