افغانستان میں پاکستانی گاڑیوں پر پتھراﺅ اور ٹرک ڈرائیوروں کو زد وکوب کرنا قابل مذمت ہے، گڈز ٹرک اونرز

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) کے قائد حاجی نور محمد شاہوانی، مرکزی سیکرٹری جعفر خان کاکڑ، حاجی عبدالمجید بنگلزئی، حاجی عطاءاللہ خان کاکڑ، سہیل خان کاکڑ، حاجی عبدالقادر اچکزئی، حاجی پیر محمد کاکڑ، حاجی فیض اللہ خان اچکزئی، ظاہر شاہ یوسفزئی، حاجی امین سمالانی، ملک نور خان کرد، حاجی روزی خان مندوخیل و دیگر گڈز ٹرانسپورٹروں نے افغان سرزمین پر پاکستانی گاڑیوں پر پتھراﺅ اور ٹرک ڈرائیوروں کو شدید زد وکوب کرنے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ٹرکوں کے شیشوں پر پاکستانی پرچم لگانے اور پچھلے پٹوں پر مینار پاکستان بنا ہوا تھا کو افغانوں نے گناہ کبیرہ قرار دیتے ہوئے ہماری گاڑیوں پر پتھراﺅ اور ٹرک ڈرائیوروں کو اتار کر گالم گلوچ اور شدید طریقے سے زدوکوب کیا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف چاروں صوبوں کے گورنرز، وزرا اعلیٰ، چیف سیکرٹریز، ہوم سیکرٹریز و دیگر حکام بالا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں غیر ملکی جھنڈیاں، غیر ملکی صدور، غیرملکی فوجی حکام اور غیر ملکی نقشوں کی تصاویر پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور لگا نے والوں پر قانونی سزا عائد کی جائے۔ انہوں نے پاکستانی ٹرک ڈرائیوروں سے کہا کہ افغان سر زمین پر جانے والے پاکستانی جھنڈیاں اور محمد علی جناح کی تصویریں اتار دیں۔ افغان مہاجرین ٹرک مالکان سے کہا کہ اگر پاکستان میں گاڑیاں چلانا ہے تو افغانستان کی جھنڈیاں و تصاویر اتار دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں