زیادتی کاشکار صغریٰ بی بی کے کیس میں گرفتار شاہ جہان بنگلزئی بے گناہ ہے، اہلخانہ کی پریس کانفرنس

خضدار (بیورو رپورٹ) لیویز فورس کے اہلکار شاہ جہان بنگلزئی کے خاندان نے آج خضدار پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ جہان بنگلزئی کی بے گناہی کا موقف پیش کیا اور انصاف کی اپیل کی۔ پریس کانفرنس میں شاہ جہان بنگلزئی کی والدہ مریم بی بی بہنوں فرزانہ بی بی، ریحانہ بی بی اور اہلیہ نادیہ شاہ جہان بنگلزئی اور خاندان کے دیگر افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ شاہ جہان بنگلزئی کو صغریٰ بی بی کے مبینہ اغوا کیس میں حراست میں لیاگیا ہے، لیکن ان کا اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے، خاندان نے تردید کرتے ہوئے تفصیل بتائی کہ شاہ جہان بنگلزئی لیویز فورس میں ملازم ہے اور ڈائریکٹر قلات زون کے ماتحت اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مبینہ اغواءکا واقعہ 26 اگست 2025 کو دن کے وقت ساڑھے بارہ بجے کے قریب پیش آیا، جبکہ اس وقت شاہ جہان بنگلزئی اپنے دفتر میں موجود تھے۔ والدہ فرزانہ بی بی نے کہا، "شاہ جہان صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک دفتر میں ڈیوٹی پر تھے۔ اس کی تصدیق دفتری ریکارڈ، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور وہاں موجود دیگر افراد کے بیانات سے کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاہ جہان بنگلزئی کو 27 اگست کی رات 12 بجے کے بعد گھر سے حراست میں لیا گیا اور ان پر اس کیس میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا، جو کہ بے بنیاد ہے۔والدہ فرزانہ بی بی نے کہا کہ مبینہ مغویہ صغریٰ بی بی نے اپنی پریس کانفرنس اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی دو سے تین وڈیوز میں شاہ جہان بنگلزئی کا نام کہیں نہیں لیا۔ ہم نے مغویہ کے ورثا سے رابطہ کیا تو انہوں نے واضح کیا کہ وہ شاہ جہان بنگلزئی کو نہیں جانتے اور نہ ہی انہوں نے اس کیس میں ان کی کوئی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ جہان بنگلزئی کو اس کیس میں ملوث کرنا سچائی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہوسکتی ہے اور وہ اسے اپنے خاندان پر ظلم سمجھتے ہیں۔ والدہ مریم بی بی نے جذباتی انداز میں کہا، "ہمارا بیٹا ایک ایماندار اور ذمہ دار سرکاری ملازم ہے جو اپنی ڈیوٹی پوری لگن سے انجام دیتا ہے۔ اسے بلاوجہ اس کیس میں گھسیٹا گیا ہے۔ ہم صرف انصاف مانگ رہے ہیں۔ اہلیہ نادیہ شاہ جہان بنگلزئی نے مزید کہا کہ شاہ جہان بنگلزئی کی گرفتاری سے پورا خاندان صدمے میں ہے، اور وہ چاہتے ہیں کہ اس معاملے کی منصفانہ تفتیش کی جائے تاکہ حقیقت سامنے آسکے۔ خاندان نے کہا کہ وہ قانون پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ حکام اس معاملے کی شفاف تحقیقات کریں۔ انہوں نے خضدار انتظامیہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، آئی جی پولیس، کمشنر قلات ڈویژن، ڈپٹی کمشنرخضدار اور ایس ایس پی خضدار سے اپیل کی کہ شاہ جہان بنگلزئی کو انصاف دلایا جائے۔ ہم امید رکھتے ہیں کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر ثبوتوں کی جانچ پڑتال سے شاہ جہان بنگلزئی کی بے گناہی ثابت ہو جائے گی۔پریس کانفرنس میں انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ قانون کے دائرے میں رہ کر اپنا حق مانگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انصاف نہ ملا تو وہ احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں