بلوچستان میں ممکنہ سیلاب کا خطرہ، دریائے سندھ میں طغیانی کی وجہ سے صوبے کے نشیبی علاقے قطعی طور پر محفوظ نہیں رہ سکتے، صادق عمرانی

کوئٹہ (آن لائن) ملکی سطح پر موجودہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر بلوچستان میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی اور چیف سیکرٹری بلوچستان کے ہدایات کی روشنی میں محکمہ آبپاشی کے تمام متعلقہ آفسران و دیگر اہلکاروں کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ وہ کسی بھی ہنگامی حالات میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کیلئے ضروری اقدامات کریں، اس ضمن میں جمعرات کے روز موسمی حالات کے تحت متوقع سیلابی صورتحال حال سے نمٹنے کیلئے صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی کے زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس کے شرکا میں سیکرٹری آبپاشی صالح محمد ناصر ، چیف کینالز ناصر مجید ، سپریٹنڈنگ انجینئر آبپاشی سرور بنگلزئی و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنا انسان کے بس کی بات نہیں لیکن ان آفات کی تباہ کاریوں کو کم کرنے کیلئے اگر ہم اپنے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے بہترین حکمت عملی سے حفاظتی اقدامات کریں گے تو ان نقصانات کا تدارک ممکن ہو سکے گا انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ میں طغیانی کی وجہ سے بلوچستان کے نشیبی علاقے قطعی طور پر محفوظ نہیں رہ سکتے لہذا ہمیں ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنے ہوں گے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری آبپاشی صالح محمد ناصر نے محکمے کے متعلقہ آفسران و دیگر عملے کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادیوں، فصلوں اور دیگر املاک کو سیلابی پانی سے بچانے کیلئے ضروری مشینری و دیگر آلات کو ضرروی مقامات تک پہنچائی جائیں، انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ آبپاشی کے آفسران دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ باہمی روابط کے ذریعے موسمی حالات کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں تاکہ ایک ٹیم ورک کے تحت مربوط کاروائی کے ذریعے ہنگامی صورتحال سے نمٹنا جاسکے، انہوں نے کہا کہ ماضی کے تجربات سے سبق سیکھنے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل کا صحیح تعین کیا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال سے موثر نمٹا جاسکے، سیکرٹری آبپاشی نے کہا کہ 2010 اور 2022 کے سیلابی حالات و واقعات کو زینہ بناتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں مستعدی، فرض شناسی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و دیگر عملے کو تعریفی اسناد دیئے جائیں گے جبکہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ،اجلاس میں ایس ای آبپاشی انجینئر سرور بنگلزئی نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر 16 مختلف علاقوں میں فلڈ کنٹرول سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں حسب ضرورت مشینری و دیگر آلات پہنچائے جائیں گے تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں