امریکی کانگریس امیدوار کی جانب سے قرآن کی توہین، یہودی تنظیم نے بھی مذمت کردی
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ کی ریاست ٹیکساس سے کانگریس کی امیدوار ویلینٹینا گومیز نے انتخابی مہم کی ایک ویڈیو میں قرآن پاک کو آگ لگا کر شدید غم و غصے کو جنم دیا ہے۔ حالیہ پوسٹ کی گئی ویڈیو میں گومیز فوجی طرز کی پینٹ اور اپنی مہم کی ٹی شرٹ پہنے نظر آتی ہیں۔ وہ فلیم تھروور سے قرآن پاک کو جلاتے ہوئے کہتی ہیں، اگر ہم اسلام کو ختم نہیں کریں گے تو ہماری بیٹیوں کے ساتھ زیادتی ہوگی اور ہمارے بیٹے قتل کر دیے جائیں گے۔ امریکہ ایک عیسائی ملک ہے، مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے 57 مسلم ممالک میں واپس چلے جائیں۔ صرف ایک سچا خدا ہے اور وہ اسرائیل کا خدا ہے۔’ ویڈیو کے آخر میں وہ اعلان کرتی ہیں کہ ان کی مہم ’یسوع مسیح کی طاقت سے چل رہی ہے۔‘ ان کے انتخابی لوگو میں بھی ان کے نام کے اندر ’i‘ کی جگہ گولی کا نشان بنایا گیا ہے۔ یہ ویڈیو سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا طوفان امڈ آیا۔ پلیٹ فارم ’ایکس‘ نے اسے نفرت انگیز مواد قرار دیتے ہوئے اپنے پلیٹ فارم سے ہٹا دیا۔ امریکی یہودی تنظیم اینٹی ڈیفیمیشن لیگ نے اپنے بیان میں کہا، ’یہ مہم نفرت اور اسلام دشمنی سے بھری ہوئی ہے۔ قرآن جیسے مقدس صحیفے کو جلانا تشدد کو بڑھا سکتا ہے اور لوگوں کی جان کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ اس کی مذمت ہر ذی شعور شخص کو کرنی چاہیے۔


