نیشنل پارٹی جمعیت کےساتھ مل کر حکومت بنانے کی پوزیشن میں تھی، لیکن اسٹیبلشمنٹ نے انتخابات میں جان بوجھ کر دیوار سے لگایا، ڈاکٹر مالک
تربت (نمائندہ انتخاب) نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، مرکزی کمیٹی کے رکن واجہ ابوالحسن اور ضلعی صدر یونس جاوید نے کوشقلات کا دورہ کیا، انہوں نے پارٹی کے ضلعی اسپورٹس سیکریٹری اکبر سیاہل کے بڑے بھائی کے انتقال پر ان سے تعزیت کی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی، بعد ازاں انہوں نے کوشقلات میں قاسم جان گچکی کی رہائش گاہ پر نیشنل پارٹی کوشقلات یونٹ کے کارکنوں سے ملاقات کی اور موجودہ سیاسی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات میں نیشنل پارٹی نے عوامی حمایت اور کارکنوں کی انتھک محنت کے نتیجے میں بلوچستان بھر میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کیں لیکن اسٹیبلشمنٹ نے ہمارے واضح طور پر کامیاب امیدواروں کو ہرا کر ہماری جیتی ہوئی نشستیں ہم سے چھین لیں انہوں نے کہا کہ یہ سازش صرف بلوچستان تک محدود نہیں تھی بلکہ پورے ملک میں منظم انداز میں جمہوری عمل کو سبوتاژ کیا گیا جہاں عوام کے منتخب نمائندوں کو ہرا کر من پسند امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا، یہ اقدام جمہوریت پر براہ راست حملہ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی انتخابات کے بعد جمعیت علماءاسلام کے ساتھ مل کر حکومت سازی کی پوزیشن میں تھی، لیکن اسٹیبلشمنٹ نے جان بوجھ کر نیشنل پارٹی کو دیوار سے لگا دیا انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، ہماری سیاسی جدوجہد اصولوں اور جمہوری اقدار کے لیے ہے، جسے ہم مزید مضبوط کریں گے، اکابرین کا سیاسی پروگرام، جمہوریت کی بقا اور سیاسی عمل کا تسلسل ہماری اولین ترجیح ہے ۔


