شاہوانی اسٹیڈیم سانحہ کے شہداءکے اہل خانہ کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، وزیراعلی سرفراز بگٹی

کوئٹہ ( آئی این پی ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بدھ کو سول اسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر اور سی ایم ایچ کا ہنگامی دورہ کیا جہاں انہوں نے شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ صوبائی وزیر انڈسٹریز سردار کوہیار خان ڈومکی پارلیمانی سیکرٹری محمد خان لہڑی رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک ، سینیٹر آغا شاہزیب درانی بھی ہمراہ تھے جبکہ سیکرٹری صحت مجیب الرحمن، کمشنر کوئٹہ جہانزیب خان اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی بھی موجود تھے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو محکمہ صحت اور اسپتال حکام نے زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور دیگر اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی میر سرفراز بگٹی نے زخمیوں اور ان کے ورثاءسے ملاقات کی اور علاج معالجے کی صورتحال دریافت کی انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اظہارِ اطمینان کیا اور کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں انہوں نے بتایا کہ شدید زخمیوں کو فضائی سروس کے ذریعے کراچی منتقل کرنے کے احکامات گزشتہ شب ہی جاری کر دیے گئے تھے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مریض اور ان کے ورثاء مکمل اطمینان رکھیں علاج و معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی یا کمی برداشت نہیں کی جائے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر اپنی بزدلی اور انسانیت دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں دہشت گرد بلوچستان کے امن کو سبوتاڑ کرنے کے اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے انہوں نے کہا کہ سانحہ کے شہداءکے اہل خانہ کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکن مدد اور معاونت کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں