صوبے کے وسائل پر کسی بھی قسم کے قبضے کی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا، وزیراعلی

قلعہ سیف اللہ(ویب ڈیسک )وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے قلعہ سیف اللہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ مذہب یا قومیت کے نام پر کی جانے والی دہشت گردی کا عوامی حقوق یا ترقی سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے کہا کہ “مذہب کے نام پر بندوق اٹھانے والے دین دشمن ہیں، اسلام ہمیں امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے”، اور مزید کہا کہ “قوم پرستی یا حقوق کے نام پر ہتھیار اٹھانے والے درحقیقت ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔”وزیراعلیٰ نے حال ہی میں کوئٹہ میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں اور مسافروں کا قتل ایک ناقابلِ معافی جرم ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے عوام کو یقین دلایا کہ صوبہ دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور کسی بھی صورت میں سرنڈر نہیں کیا جائے گا۔اپنے خطاب میں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، لیکن سڑکیں بلاک کرکے عوام کو اذیت دینا آئین اور قانون کے منافی عمل ہے۔

وزیراعلیٰ نے قلعہ سیف اللہ اور گردونواح کے لیے کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کیاانہوں نے کہا کہ بلوچستان کے معدنی وسائل پر پہلا حق صوبے کے مقامی عوام کا ہے، اور ان کے حقوق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ عوام کے حقوق کے محافظ بن کر کھڑے ہیں اور صوبے کے وسائل پر کسی بھی قسم کے قبضے کی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قبائلی احترام اور بھائی چارے کا رشتہ اٹوٹ ہے، اور کوئی طاقت اسے ختم نہیں کرسکتی۔ انہوں نے قبائلی عمائدین، نوجوانوں اور خواتین کو صوبے کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں