شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد (انتخاب نیوز) اسلام آباد کی سیشن عدالت نے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے، عدالت نے وکیل کی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے، علی امین گنڈا پور کی جانب سے عدالت میں کوئی بھی پیش نہیں ہوا۔ عدالت نے علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے 17 ستمبر کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی، علی امین گنڈا پور کیخلاف تھانہ بارہ کہو میں مقدمہ درج ہے۔ عدالتی حکم کے بعد علی امین گنڈا پور کے وکیل راجہ ظہور الحسن عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ سر آپ نے میرے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے، جج مبشر حسن چشتی نے کہا کہ آپ ملزم پیش کریں میں وارنٹ منسوخ کر دوں گا۔ وکیل راجہ ظہور الحسن نے کہا کہ سر اب تو میڈیا پر چل گیا ہے، ملزم کی سبکی تو ہوگئی ہے۔ فاضل جج نے کہا کہ میں میڈیا کو کیا کہہ سکتا ہوں؟ آپ کا کوئی جونیئر بھی آکر تاریخ لے لیتا تو میں کیس رکھ لیتا، عدالت نے علی امین گنڈا پور کے وکیل کی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں