بلوچستان، گزشتہ 5 سالوں میں 77ہزار ٹریفک حادثات، 17سوسے زائد اموات،1 لاکھ سے زائد زخمی، رپورٹ
کوئٹہ (مانیٹر نگ ڈیسک) بلوچستان بھر میں سڑکوں پر پیش آنے والے ٹریفک حادثات کی تعداد میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مرک 1122 کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 5 سالوں (22 اکتوبر 2019 تا 12 ستمبر 2025) کے دوران صوبے کی شاہراہوں پر 77,826 حادثات رپورٹ ہوئے۔ ان حادثات کے نتیجے میں 103,902 افراد زخمی ہوئے جبکہ 1,743 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ریسکیو 1122 کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان حادثات کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ریسکیو کیا اور انہیں جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ معمولی زخمیوں کو 1122 کے سینٹرز پر ہی طبی امداد دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ریسکیو 1122 کے تمام سینٹرز پر 28,266 افراد او پی ڈی کے لیے بھی پیش ہوئے۔یہ اعداد و شمار صوبے میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اور ان کے انسانی جانوں پر سنگین اثرات کو واضح کرتے ہیں۔ حکام کو اس سنگین مسئلے پر فوری توجہ دینے اور سڑکوں کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔


