ڈگری کالج کوہلو کے اے ڈی اے، اور اے ڈی ایس سیشن 2022-24 کے نتائج جاری کیے جائیں، طلبہ کا مطالبہ
کوہلو (پ ر) ڈگری کالج کوہلو کے ADA/ADS سیشن 2022-24 کے طلبہ آج بھی اپنے نتائج کے انتظار میں ہیں۔ ڈگری کالج کوہلو کے طلبہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کی تمام جامعات اور کالجز بشمول بارکھان اور دکی کے نتائج بہت پہلے جاری ہوچکے ہیں۔ اب جبکہ ڈائریکٹوریٹ ریزروڈ سیٹس کا ٹیسٹ مکمل ہوچکا ہے اور ٹینٹیٹیو میرٹ لسٹ بھی آچکی ہے، کچھ ہی دن باقی ہیں داخلے بند ہونے میں تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ صرف ڈگری کالج کوہلو کا نتیجہ کیوں تاخیر کا شکار ہے؟ یہ معاملہ صرف تاخیر کا نہیں بلکہ ہمارے مستقبل کا ہے! اگر اگلے 10-12 دنوں میں ڈائریکٹوریٹ ریزروڈ سیٹس کی تمام فہرستیں فائنل ہوگئیں تو کوہلو کے طلبہ ایک بار پھر داخلوں سے محروم رہ جائیں گے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی کالج کے کلرک، انتظامیہ اور پرنسپل حضرات مبینہ طور پر رجسٹریشن فیس ہڑپ کرچکے ہوں گے اور طلبہ کو صرف دھکے ملیں گے۔ کالج انتظامیہ کو جب کوئی طالبعلم میسج کر کے اپنے حق کی بات کرتا ہے تو اسے دھمکایا جاتا ہے اور یہاں تک کہا جاتا ہے کہ آپ تو کالج کے طالبعلم ہی نہیں! وہ طالبعلم جس نے باقاعدہ داخلہ فیس، رجسٹریشن فیس، سمسٹر فیس اور امتحانات دیے ہوں اسے ایک سوال کرنے پر ہی ادارے سے باہر کردیا جاتا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر ڈگری کالج کوہلو کا ADA/ADS سیشن 2022-24 کا رزلٹ جاری کیا جائے۔ متعلقہ حکام کالج انتظامیہ کی کارکردگی اور مالی معاملات کی تحقیقات کریں۔ ریزروڈ سیٹس میں کوہلو کے طلبہ کا حق ضائع ہونے سے بچایا جائے۔


