کوئٹہ اور شیرانی میں فورسز کا آپریشن 18 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا، سیکورٹی ذرائع

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 18 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، کوئٹہ کے نواحی علاقے غزا بند میں سیکورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن میں 10 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ضلع شیرانی میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کوئٹہ کے نواح غزا بند میں فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا، پہاڑی علاقے میں انٹیلی جنس اطلاعات پر ہونے والے اس آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران سیکورٹی فورسز نے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ فائرنگ کے دوران سیکورٹی فورسز کے 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے، آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز پر حملوں اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ دریں اثنا، بلوچستان کے ضلع شیرانی میں سیکورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، سیکورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں