چار ماہ بعد ایران کیساتھ کاٹاگر زیروپوائنٹ راہداری گیٹ کھول دیا گیا، تجارت و آمدورفت بحال
ماشکیل(یو این اے )بلوچستان کے ضلع واشک کی تحصیل ماشکیل میں پاک ایران سرحد پر واقع کاٹاگر زیروپوائنٹ راہداری گیٹ کو چار ماہ کی طویل بندش کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا۔ اس فیصلے سے سرحدی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور تجارت سمیت عوامی آمدورفت کی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں۔اس موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آئی جی ایف سی ساوتھ بلوچستان میجر جنرل بلال سرفراز اور رکن صوبائی اسمبلی و خادمِ واشک حاجی میر زابد علی ریکی نے شرکت کی۔ دونوں شخصیات نے فیتہ کاٹ کر گیٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے میر زابد علی ریکی نے کہا کہ کاٹاگر گیٹ کا دوبارہ کھلنا ماشکیل اور ضلع واشک کے عوام کے لیے عید سے کم نہیں۔ گیٹ کی بندش سے مقامی لوگوں کو سخت معاشی اور سماجی مشکلات کا سامنا تھا، مگر اب تجارت اور آمدورفت کے بحال ہونے سے مقامی معیشت کو سہارا ملے گا۔آئی جی ایف سی ساتھ میجر جنرل بلال سرفراز نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ رواں ماہ گزر بارڈر کو بھی کھولا جائے گا تاکہ تجارت، باہمی روابط اور قانونی نقل و حرکت میں مزید آسانی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف سی سرحدی علاقوں میں امن، ترقی اور سہولتوں کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا، ہمیں سرحدی عوام کے مسائل کا مکمل ادراک ہے، اور ان کی فلاح کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔یاد رہے کہ کاٹاگر گیٹ کی بندش کے خلاف ماشکیل کے عوام نے متعدد بار پرامن احتجاج اور مطالبات کیے تھے۔ بندش سے نہ صرف مقامی روزگار اور تجارت متاثر ہوئی بلکہ ایران کے ساتھ عوامی تعلقات اور سماجی روابط بھی متاثر ہوئے تھے۔گیٹ کے دوبارہ کھلنے سے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ عوام نے حکومت بلوچستان، ایف سی اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔


