اگر ن لیگ بلوچستان میں حکومت چاہتی ہے تو ڈھائی سال کےلیے بلاول بھٹو کو بھی وزیراعظم بنانا ہوگا، صادق عمرانی
کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹر ل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے کہا ہے کہ اگر مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں حکومت چاہتی تو ڈھائی سال کے لیے چیئرمین بلاول بھٹو زردار ی کی بھی وزیراعظم بنانا ہوگا، اتحاد جوں جوں اپنے وعدے پورے کریں گے ویسے ہی ہماری جانب سے بھی ان پر عملدآمد ہوگا ۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔صوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مسلم لیگ(ن) کی اتحادی ہے ہم چاہتے ہیں ملک میں جمہوریت ، آئین و قانون کی بالا دستی پروان چڑھے ،دہشتگردی کا خاتمہ ہواور جمہوری ادارے مستحکم ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے پیپلز پارٹی کے ساتھ جو وعدے کیے تھے ان پر عملدآمد ہونا چاہےے ،پنجاب میں ہمارے لوگوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں میر صادق عمرانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل کمیٹی میں بلوچستان سے متعلق بات چیت ہوئی ہے اگر مسلم لیگ(ن) اپنی زبان پر کھڑی ہوئی تو ہم بھی کھڑے ہونگے اڑھائی سال کے لیے بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنا دیں تو ہم خوش ہیں جن وعدوں پر عملدآمد ہوا تو چیزیں اسی حساب سے چلیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلوچستان میں امن و امان بحال کرنے اور اداروں کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے حکومت اپنی ذمہ داری ادا کر رہی ہے ۔


