محکمہ فشریز کی ملی بھگت سے حق دو تحریک کے حمایت یافتہ ماہی گیر غیر قانونی سرکلنگ میں ملوث ہیں، پسنی فش کمپنی مالکان

پسنی (نامہ نگار) پسنی فش کمپنی مالکان اور ماہی گیر ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز پسنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے فشریز آفس کے سامنے شدید نعرے بازی کی، جب کہ خواتین نے دفتر کے سامنے دھرنا دے کر موجودہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے تبادلے کا مطالبہ کیا،مظاہرین کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ فشریز نے غیرقانونی گٹھ (سرکلنگ) کے خلاف مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے، مگر حق دو تحریک کے حمایت یافتہ بعض ماہی گیر سرعام غیرقانونی سرکلنگ کر رہے ہیں، جنہیں مبینہ طور پر ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان کی پشت پناہی حاصل ہے،فش کمپنی مالکان اور ماہی گیر تنظیموں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ اے ڈی فشریز پسنی جانبداری کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور وہ ایک سرکاری افسر کے بجائے حق دو تحریک کے کارکن کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تیسری بار ہے کہ ان کی تعیناتی کے دوران پسنی میں حالات کشیدہ ہوئے ہیں،احتجاجی مظاہرین نے حکومتِ بلوچستان اور محکمہ فشریز حکام سے مطالبہ کیا کہ موجودہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز کا فوری طور پر تبادلہ کیا جائے اور غیرقانونی سرکلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے بعد ازاں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز کی سرکلنگ پر پابندی کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج کو موخر کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں