خون کی موروثی بیماری میں مبتلا بچوں کیلئے پنجگور میں پہلے مکمل اور جدید تھیلیسیمیا سینٹر کا افتتاح کردیا گیا
پنجگور (نامہ نگار) ضلع پنجگور میں صحت عامہ کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پنجگور میجر (ر) عبد الکبیر زرکون کی کاوشوں سے پہلا مکمل فعال اور جدید تھیلیسیمیا سینٹر افتتاح کر دیا گیا ہے۔ یہ مرکز ضلع کے ان درجنوں بچوں کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوگا جو موروثی خون کی بیماری تھیلیسیمیا میں مبتلا ہیں۔ افتتاحی تقریب میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، اور دیگر متعلقہ محکموں اور سماجی تنظیموں کے نمائندگان شریک ہوئے۔ افتتاحی تقریب سے ڈپٹی کمشنر میجر(ر) عبد الکبیر زرکون نے کہا کہ یہ مرکز نہ صرف علاج گاہ ہے بلکہ ان معصوم بچوں کے لیے زندگی کی نئی امید ہے جو پہلے علاج کے لیے دور دراز شہروں کا سفر کرنے پر مجبور تھے جس میں انہیں ہزاروں کے اخراجات آتے تھے مگر اب اس سینٹر میں وہ بالکل مفت اپنا علاج کروا سکیں گے۔ تقریب میں ماہرین صحت نے بتایا کہ تھیلیسیمیا ایک موروثی خون کی بیماری ہے جس میں جسم معمول کے مطابق ہیموگلوبن پیدا نہیں کرتا، جس کے باعث مریض کو خون کی شدید کمی کا سامنا رہتا ہے۔ ماہرین کے مطابق قریبی رشتہ داروں میں شادیوں کا زیادہ رواج اس بیماری کے پھیلاﺅ کی ایک بڑی وجہ ہے۔ واضح رہے کہ یہ صحت عامہ کا منصوبہ ڈپٹی کمشنر میجر (ر) عبد الکبیر زرکون کی ذاتی دلچسپی، نگرانی اور قیادت میں مکمل طور پر تیار اور قائم کیا گیا ہے۔ سینٹر میں تربیت یافتہ طبی عملہ، بلڈ بینک، مریضوں کے ریکارڈ کا جدید نظام، ادویات کی بلاتعطل فراہمی اور مشاورتی خدمات کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر پنجگور نے کہا کہ یہ منصوبہ ضلعی صحت کے نظام کو مربوط بنسنے کی جانب ایک اہم قدم ہے اور ایسے اہم مسئلہ سے متعلق عوامی سطح پر شعور اور آگاہی پھیلانے کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کو اب علاج کے لیے اپنے ہی ضلع میں معیاری سہولیات میسر ہوں گی اور وہ ایسا کرکے بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سینٹر میں شفافیت اور بہتر انتظام کے لیے بورڈ آف گورنرز (BoG) بھی تشکیل دیا گیا ہے جس میں محکمہ صحت کے افسران، سماجی نمائندگان اور مریضوں کے والدین شامل ہیں۔ یہ بورڈ باقاعدگی سے اجلاس منعقد کر کے سینٹر کی کارکردگی کا جائزہ لے گا۔ڈپٹی کمشنر پنجگور نے جاوید میڈیکل سینٹر گرمکان اور دیگر کمیونٹی شخصیات کی فلاحی سرگرمیوں کو بھی سراہا جو مسلسل اس جیسے نیک مقاصد میں تعاون کر رہی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ اس منصوبے کے تسلسل اور بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی جبکہ عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ واضح رہے کہ یہ تاریخی اقدام پنجگور کے صحت عامہ کے شعبے میں ایک نیا باب رقم کرتا ہے جو ضلعی انتظامیہ کے عوام دوستی، خدمت اور پائیدار اصلاحات کے عزم کی روشن مثال ہے۔ اس کارنامے کا سہرا ڈپٹی کمشنر میجر (ر) عبد الکبیر زرکون اور ان کی ٹیم کے سر جاتا ہے جنہوں نے اپنی قیادت، جذبے اور ویژن سے ایک دیرینہ عوامی ضرورت کو حقیقت میں بدل دیا۔


