بلوچستان ایجوکیشنل کالج کے اساتذہ کی پسند و نا پسند کی بنیاد پر برطرفی اقربا پروری کی بدترین مثال ہے، بی ایس او شال

کوئٹہ (پ ر) بی ایس او شال زون کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان ایجوکیشنل کالج سیٹلائٹ ٹاﺅن سے اہل و تجربہ کار اساتذہ کو اقربا پروری اور ذاتی پسند و ناپسند کی بنیاد پر برطرف کیا جانا تعلیم دشمن اقدام ہے۔ سیکرٹری ایجوکیشن اسفند یار کاکڑ کی جانب سے اداروں کو ذاتی مفادات کے تابع کرنا، صوبے کے تعلیمی ڈھانچے کو مزید تباہی کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں جہاں تعلیمی ادارے پہلے ہی عملے کی کمی اور ناقص نظام کی وجہ سے زوال کا شکار ہیں، وہاں اہل اساتذہ کو ہٹانا ناقابل برداشت ہے۔ اسفند یار کاکڑ کی من مانیوں اور اقربا پروری پر مبنی فیصلے سے یہ واضح ہوتا ہے کہ محکمہ تعلیم کو اصلاحات کی نہیں بلکہ ذاتی مفادات کی بنیاد پر چلایا جا رہا ہے۔ بی ایس او شال زون نے حکومتِ بلوچستان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ برطرف اساتذہ کو فوراً بحال کیا جائے اور سیکرٹری ایجوکیشن کے خلاف شفاف انکوائری عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی افسر کو اس طرح کے غیر منصفانہ فیصلے کرنے کی جرات نہ ہو۔ ترجمان نے واضح کیا کہ بی ایس او شال زون اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھے گی، اگر اساتذہ کو بحال نہ کیا گیا تو طلبہ تنظیم احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں