عوامی احساسات اور بہتر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے لیویز فورس کو برقرار رکھا جائے، نیشنل پارٹی

کوئٹہ (آن لائن) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے بیان میں بلوچستان میں لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کے فیصلے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام صوبے کی ایک قدیم و مقامی شناخت رکھنے والی فورس کی وجود کو ختم کرنے کی منفی پالیسی ہے۔جو کسی طور پر منظور نہیں ترجمان نے کہا کہ لیویز فورس بلوچستان کے دیہی و قبائلی علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتی رہی ہے۔ لیویز فورس کی کامیابی اور خوبی یہ ہے کہ وہ مقامی لوگوں پر مشتمل ہوتی ہے جو علاقے کے رسم و رواج اور مزاج سے واقفیت رکھتے ہیں۔جو مسائل کے حل میں کردار ادا کرتے ہیں نہ کہ بگاڑنے میں۔ اسی لیے وہ پولیس کے مقابلے میں زیادہ مثر اور قابلِ اعتماد سمجھی جاتی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی مقامی اداروں کی مضبوطی ،فعالیت اور منظم ہونے کو ہی تعمیر و ترقی و امن کی ضامن سمجھتی ہے اگر حکومت امن و امان میں بہتری چاہتی ہے تو اس کے لیے لیویز فورس کو جدید تربیت، بہتر تنخواہیں اور سہولیات فراہم کی جائیں نہ کہ اسے کسی دوسرے نظام میں ضم کیا جائے۔اس لیے عوامی احساسات اور بہتر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے بلوچستان کی تاریخی لیویز فورس کو برقرار رکھا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں