کوئٹہ میں 172 یونین کونسلز پر مشتمل 641 وارڈز میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا، صوبائی الیکشن کمشنر
کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال نے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کوئٹہ میں منعقدہ پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ میں 172 یونین کونسلز پر مشتمل کل 641 وارڈز میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔ صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق، نومبر کے پہلے ہفتے میں انتخابی شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ووٹرز لسٹوں کی تیاری کا عمل جاری ہے، اور تمام اہل شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ اپنے متعلقہ وارڈ میں درج کروائیں تاکہ وہ بلدیاتی انتخابات میں اپنا جمہوری حق استعمال کر سکیں۔ الیکشن کمیشن کی کوشش ہے کہ بلدیاتی انتخابات کو پرامن، شفاف اور منصفانہ طریقے سے منعقد کیا جائے اور انتخابات کے دوران سیکورٹی کے لیے پولیس اور ایف سی کے دستے تعینات کیے جائیں گے، جبکہ ضرورت پڑنے پر فوج کی مدد بھی حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندگان اور عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔


