کراچی:PHD کی طالبہ کی خودکشی، انکوائری افسر مقرر
کراچی میں گلشن اقبال کے علاقے میں پی ایچ ڈی کی طالبہ کی خودکشی کے حوالے سے اے ایس پی گلشن اقبال کو انکوائری افسر مقرر کردیا گیا۔
گلشن اقبال کے علاقے میں 9 اگست کو ایک فلیٹ سے نادیہ اشرف نامی لڑکی کی پھندا لگی لاش ملی تھی جو کہ جامعہ کراچی میں قائم ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکیولر میڈیسن اینڈ ریسرچ کی پی ایچ ڈی کی طالبہ تھی۔
نادیہ کی خودکشی کا سبب سوشل میڈیا پر کراچی یونیورسٹی کے کچھ اساتذہ کو مسلسل ٹھہرایا جا رہا تھا جس کے بعد ایس ایس پی ایسٹ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی گلشن عثمان معروف کو انکوائری افسر مقرر کر دیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ کی جانب سے جاری کئے گئے لیٹر میں اے ایس پی گلشن کو طالبہ کے خودکشی کے محرکات جاننے کے لئے تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر خاتون کی خودکشی کا سبب بننے والے الزمات کی انکوائری بھی کی جائے گی، انکوائری افسر 7 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کریگا۔انکوائری افسر یونیورسٹی کی انتظامیہ اور اہل خانہ سے معلومات حاصل کرینگے۔


