سندھ پولیس کو انتہائی مطلوب ڈاکو سلطان شاہ بیٹے سمیت ہلاک، سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی تھی
سکھر (صباح نیوز) سکھر پولیس سے مقابلے میں ڈاکو سلطان شاہ بیٹے سمیت مارا گیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ سی سیکشن کی حدود پانچ نمبر کالونی کے قریب پولیس اور ڈاکوﺅں میں مقابلہ ہوا۔ جہاں ڈاکو سلطان شاہ اپنے بیٹے سمیت مارا گیا۔ ہلاک ڈاکوﺅں کی شناخت سلطان شاہ اور بیٹا حبدار شاہ کے نام سے ہوئی۔ 30 سال سے خوف کی علامت سمجھا جانے والا ڈاکو سلطان شاہ اور اس کا بیٹا حبدار شاہ سندھ کے مختلف اضلاع میں بھتہ گیری، ٹارگٹ کلنگ، اقدام قتل، ہائی وے رابری، ڈکیتی، چوری اور پولیس مقابلوں سمیت متعدد سنگین مقدمات میں پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔ سندھ حکومت کو ڈاکو سلطان شاہ کی زندہ یا مردہ گرفتاری پر 50 لاکھ کے انعام کی سفارش کی گئی تھی۔ ہلاک ہونے والا ڈاکو سلطان شاہ، قتل، اقدام قتل، اغوا برائے تاوان اور ڈکیتی و رہزنی کی 44 وارداتوں میں مطلوب تھا، پولیس مقابلے میں دوسرے ہلاک ڈاکو کی شناخت اور دونوں ڈاکوﺅں کے کرمنل ریکارڈ سکھر پولیس نے حاصل کرلیے ڈاکو حبدار شاہ ولد سلطان شاہ چھ مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ جبکہ دیگر اضلاع سے کرمنل ریکارڈ کی معلومات بھی حاصل کی جارہی ہے۔


