سپریم کورٹ سے وفاقی آئینی عدالت کو 22 ہزار سے زائد مقدمات منتقل کردیے گئے
اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ سے وفاقی آئینی عدالت کو 22 ہزار سے زائد مقدمات منتقل کردیے گئے۔ان مقدمات میں 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترامیم کے خلاف دائر درخواستیں بھی شامل ہیں۔ وفاقی آئینی عدالت کو مقدمات کی منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔ سپریم کورٹ سے آئینی عدالت کو 22 ہزار سے زائد مقدمات منتقل کردیے گئے۔ آئینی عدالت کو منتقل ہونے والے مقدمات کی تعداد25 ہزار سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔ آرٹیکل 184/3 کے تحت دائر تمام مقدمات، نظرثانی درخواستیں، آرٹیکل199 کے تحت ہائیکورٹ سے ہونے والے فیصلوں کے خلاف اپیلیں بھی منتقل کردیے گئے۔ مزید مقدمات بھی اگلے چند روز میں منتقل کردیے جائیں گے۔ یہ مقدمات پہلے ہی چھانٹ لیے گئے تھے کیونکہ اس سے قبل آئینی بنچ ہی اس طرح کے تمام مقدمات کی سماعت کررہا تھا اب یہ کام وفاقی آئینی عدالت کو تفویض کیا گیا ہے تبھی وہ سارے مقدمات اب آئینی عدالت کو منتقل کیے جارہے ہیں جس میں سے زیادہ تر منتقل کردیے گئے ہیں۔


