حب کے ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو غیر مقامی افراد کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے الزام میں 90 روز کےلیے معطل کردیا
کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کے ضلع حب کے ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو غیرمقامی افراد کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے الزام میں90 کے لیے معطل کردیا گیا ۔چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے ہائی پاور کمیٹی کی فیکٹ فائنڈ نگ انکوائری رپورٹ میں الزامات ثابت ہونے پر بیڈا ایکٹ 2011کی شق 6کے تحت ڈپٹی کمشنر حب نثار احمد لانگو اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) حب علی رضا کھوسو کو 90روز کے لیے معطل کردیا ۔دونوں افسران پر الزام تھا کہ انہوں نے 200سے زائد غیر مقامی افراد کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ مقامی کمیٹی کے دستخط کے جاری کیے جبکہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں یہ کہا گیا ہے کہ 422 لوکل سرٹیفکیٹس میں سے 113 جعلی/غیر قانونی پائے گئے جبکہ 409 ڈومیسائل سرٹیفکیٹس میں سے 309 غیر قانونی تھے ۔زیادہ تر جعلی سرٹیفکیٹ پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے دیگر اضلاع کے افراد کو جاری کیے گئے ۔


