جاب سیکورٹی صحافیوں کا بنیادی حق ہے، حکومت روزگار کے تحفظ کو یقینی بنائے گی، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ صحافیوں کا کردار جمہوری عمل کی مضبوطی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن نے قومی، سماجی اور صحافتی ایشوز پر ہمیشہ بھرپور اور توانا آواز اٹھائی ہے۔ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے) کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پریس گیلری ہمیشہ ایوان پارلیمان کا جز رہی ہے اور صحافیوں کا کردار جمہوری عمل کی مضبوطی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے پی آر اے کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا پی آر اے کے ساتھ ہمیشہ گہرا اور دیرینہ تعلق رہا ہے۔ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن نے قومی، سماجی اور صحافتی ایشوز پر ہمیشہ بھرپور اور توانا آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو پارلیمان میں وہی احترام اور پروٹوکول حاصل ہے جو عوامی نمائندوں کو دیا جاتا ہے، اور یہ ایک منفرد اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آر اے پارلیمانی عمل اور جمہوری نظام کا مضبوط حصہ ہے اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ صحافیوں کے ساتھ رابطہ ہمیشہ برقرار رہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے اور صحافیوں کے روزگار کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ صحافیوں کو اپنا حلقہ اور ان کا کسٹوڈین سمجھتے ہیں، اس لیے پی آر اے کے کردار کو مزید فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے پی آر اے سے درخواست کی کہ صحافیوں کو ملازمتوں سے نکالنے کے مسئلے پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو اپنی تجاویز بھیجے تاکہ جامع حکمت عملی وضع کی جا سکے۔ انہوں نے جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کمیشن میں تمام اہم صحافتی تنظیموں، بشمول پی آر اے، نیشنل پریس کلب، پی ایف یو جے، خیبر یونین آف جرنلسٹس اور چاروں صوبوں کی نمائندگی موجود ہے۔ کمیشن کا پہلا اجلاس منعقد کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جاب سیکورٹی صحافیوں کا بنیادی حق ہے اور وہ ہمیشہ صحافی برادری کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی آر اے ورکنگ ماحول کو بہتر بنانے سے متعلق تجاویز دے اور ان پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور صحافتی تنظیمیں مل کر تمام مسائل کا پائیدار حل نکالیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں