غزہ میں خصوصی سیکورٹی فورس کی قیادت کے لیے امریکی جنرل مقرر کیا جائے گا، ٹرمپ
واشنگٹن (این این آئی)امریکی اور اسرائیلی حکام نے بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ غزہ کی پٹی میں قائم کی جانے والی بین الاقوامی استحکام فورس کی قیادت کے لیے ایک امریکی جنرل کو مقرر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔تاہم برطانوی نیوز ایجنسی سامنے آنے والی اس رپورٹ کی خود سے تصدیق نہیں کرسکی۔سلامتی کونسل نے 17 نومبر کو ایک قرار داد منظور کی تھی جو امن کونسل اور اس کے ساتھ تعاو کرنے والے ممالک کو غزہ میں ایک عارضی بین الاقوامی استحکام فورس کی تشکیل کا اختیار دیتی ہے۔اقوام متحدہ میں امریکی سفیر مائیک والٹز نے اس ہفتے اسرائیل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو اور دیگر حکام کو بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ استحکام فورس کی قیادت سنبھالے گی اور اس کے لیے ایک امریکی جنرل کو نامزد کرے گی۔امریکہ کی جانب سے تیار کردہ سلامتی کونسل کی جس قرار داد پر یہ دائرہ کار قائم ہے، اس کے مطابق امن کونسل ایک عبوری انتظامیہ ہو گی جو غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے درکار مالی معاونت کا بندوبست اور اس کے بنیادی خدوخال کی تنظیم کاری کرے گی۔ یہ اقدامات ٹرمپ کے جنگ کے خاتمے سے متعلق بیس نکاتی امن منصوبے کے مطابق ہوں گے۔


