تربت ٹوبلیدہ روڈ کا افتتاح، عوام ترقی کے دشمنوں کو مسترد کرتے ہیں، ظہور بلیدی
ویب ڈیسک : سوراپ کے مقام پر صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ظہور احمد بلیدی نے تربت ٹوبلیدہ روڈ کا افتتاح کیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آج بلیدہ، میرے پورے حلقہ انتخاب اور ضلع کیچ کے عوام کے لیے ایک عظیم اور تاریخی دن ہے کیونکہ یہ اہم سڑک نہ صرف بلیدہ اور زامران کے عوام کو تربت سے جوڑتی ہے بلکہ پورے مکران ڈویڑن اور صوبہ بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کو خراج تحسین پیش کیا۔ ظہور احمد بلیدی نے اپنے حلقے کے عوام کی جانب سے صدر پاکستان جناب آصف علی زرداری، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، کمانڈر سدرن کمانڈ کوئٹہ جنرل راحت نسیم اور آئی جی ایف سی ساو¿تھ جنرل سرفراز بلال کا بلوچستان کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون اور عوام دوست وڑن پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سابق صوبائی وزیر سید احسان شاہ، ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری اصغر رند، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید، ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری حاجی برکت رند، ڈسٹرکٹ چیئرمین واجہ اوتمان بلوچ، پیپلز پارٹی مکران کے صدر ڈاکٹر برکت، اور معروف معززین میر عبد الرسول، حاجی عبدالغنی، حاجی برکت بلیدی، نواب شمبیزئی اور عبدالغفور بزنجو کی تقریب میں شرکت پر بھی شکریہ ادا کیا۔ ظہور احمد بلیدی نے اپنے حلقے کے معززین، سیاسی کارکنان اور عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے صوبائی وزیر کے ترقیاتی وڑن کی حمایت میں اس تاریخی عوامی جلسے میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے خاندان کے سرکردہ شخصیات سابق سنیٹر و صوبائی وزیر میر اسلم بلیدی، سابق ایم پی اے میر فتح محمد بلیدی، چیرمین میونسپل کمیٹی بلیدہ اسلام بہادر بلیدی، سابق نائب چیرمین ڈسٹرکٹ کونسل کیچ شے نسیم بلیدی، ایڈووکیٹ نور جان بلیدی، اپنے بھائیوں، کزنز اور دیگر رشتہ داروں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا۔ ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ بلیدہ۔تربت روڈ کا نام ان کے چچا، سابق صوبائی وزیر شہید میر ایوب بلیدی کے نام پر رکھا گیا ہے، جنہوں نے بلیدہ، زاعمران، شہرک، ہوشاب اور کولواہ کے عوام کی خدمت کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ سڑک کی تعمیر کے دوران حملوں میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور مزدوروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بلیدہ میں ہزاروں افراد کی شرکت اس بات کا واضح پیغام ہے کہ عوام ترقی کے دشمنوں، خوف و ہراس پھیلانے والوں اور امن و امان خراب کرنے والوں کو مسترد کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردی اور تشدد کا راستہ ترک کرکے خوشحال بلوچستان اور مضبوط پاکستان کی جانب بڑھا جائے۔


