کوئٹہ میں شدید سردی، کیسکو کا ایک ہفتے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کر نے کا فیصلہ

کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) نے حالیہ شدید سردی کے پیشِ نظر عوامی مشکلات کو مدِنظر رکھتے ہوئے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت دیگر سرد علاقوں میں ایک ہفتے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔کیسکو کے اس اقدام کا مقصد شدید سرد موسم میں صارفین کی مشکلات میں کمی اور تجارتی سرگرمیوں کو بحال رکھنا ہے۔کیسکو انتظامیہ نے یہ فیصلہ حالیہ بڑھتی ہوئی سردی اور عوامی شکایات کے بعد کیا ہے اس دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام آپریشن فیلڈ اسٹاف کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔البتہ کسی بھی علاقے میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے اور اسکی درستگی و بجلی کی دوبارہ بحالی کے لئے ٹیمیں اور متعلقہ فیڈرکے انچارج اپنے عملہ کے ساتھ دفاترمیں موجودرہیں گے تاکہ بجلی سے متعلق کسی بھی ایمرجنسی سے بروقت نمٹاجاسکے۔علاوہ ازیں کوئٹہ شہر سے باہر صوبہ کے دیگر سرد علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی جبکہ صوبہ میں موجود رورل یعنی دیہی فیڈروں کو انکے پرانے شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری رہے گی البتہ مکران ڈویڑن اور سبی و نصیر آباد کے علاقوں پر اسکا اطلاق نہیں ہوگا۔کیسکو نے اپنے تمام معزز صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کے استعمال میں کفایت شعاری سے کام لیں تاکہ برقی سسٹم پر اضافی دباو¿ نہ پڑے اور بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے