داعش کی افغانستان میں موجودگی کے ثبوت عالمی شراکت داروں سے شیئر کیے جا چکے ہیں، پاکستان
ویب ڈیسک : ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ داعش حملوں کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں موجود ہے، پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ داعش کی افغانستان میں موجودگی کے ثبوت عالمی شراکت داروں سے شیئر کیے جا چکے ہیں، پاکستان نہیں چاہتا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف نہ کھیلنے کا فیصلہ کرکٹ کو ہتھیار نہ بنانے کے لیے کیا گیا، جبکہ بھارت کرکٹ کو بنگلادیش کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم غزہ امن بورڈ اجلاس میں شریک ہوں گے اور ان کے ہمراہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ہوں گے، وزیر اعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی شریک ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت سے نئے ڈیم کی تعمیر کی تفصیلات طلب کی ہیں اور یہ تفصیلات سندھ طاس معاہدے کے تحت مانگی گئی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کا پابند ہے اور یکطرفہ اقدامات سے گریز کرے، بھارت میں انتہا پسندی عروج پر ہے۔


