بلوچستان میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے بھرتیوں سے گڈ گورننس، ڈیجیٹل میڈیا پالیسی سے جدید ابلاغی نظام کو فروغ دیا جارہا ہے، سرفراز بگٹی
کوئٹہ (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن سوسائٹی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ بلوچستان ڈیجیٹل گورننس، شفافیت اور جدت کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت نے صوبے کی پہلی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی 2026 متعارف کرا دی۔ صوبے میں جدید ابلاغی نظام کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی بھرتی نظام سے میرٹ، شفافیت اور گڈ گورننس کو فروغ ملا۔ آئی ٹی پارکس، یوتھ آئی ٹی پروگرامز اور ای گورننس اصلاحات پر عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بسوں کی ڈیجیٹلائزیشن اور کلائمیٹ ٹیک منصوبے صوبے کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کیلئے اسکالر شپ اور ڈیجیٹل اسکلز پروگرامز اولین ترجیحات ہیں۔ عوامی فلاح کے جدید منصوبوں سے بلوچستان کو مستقبل سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ترقی کے مساوی مواقع اور جدید سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کر رہے ہیں۔


