بلوچستان حکومت کو سیندک منصوبے سے گزشتہ تین سالوں کے دوران 14 ارب روپے سے زائد رقم رائلٹی کی مد میں موصول ، کمپنی حکام
کوئٹہ(این یان آئی) بلوچستان کو ضلع چاغی میں جاری سیندک گولڈ اینڈ کاپر منصوبے سے گزشتہ تین سالوں کے دوران 14ارب روپے سے زائد رقم رائلٹی کی مد میں موصول ، مجموعی طور پر 22سالوں میں صوبے کو 27ارب28کروڑ روپے سے زائد کی رائلٹی حاصل ہوچکی ہے ۔ ایم آر ڈی ایل حکام نے این این آئی کو بتایا کہ بلوچستان حکومت کو سیندک منصوبے کے تحت 2004سے رائلٹی کی رقم ادا کی جارہی ہے ۔ حکام کے مطابق 2004سے ستمبر2017تک صوبے کو 2فیصد رائلٹی ادا کی جاتی تھی جس کے تحت صوبے کو 7ارب 14کروڑ 88لاکھ 39ہزار روپے سے زائد رقم ادا کی گئی ۔ حکام نے بتایا کہ ستمبر 2017سے دسمبر2022تک رائلٹی کی رقم کو بڑھا کر 5فیصد کردیاگیا جس کے تحت صوبے کو 5ارب 96کروڑ 19لاکھ 58ہزار روپے سے زائد رقم ادا کی گئی ۔ اسی طرح جنوری 2023سے اپریل 2026کے دوران رائلٹی 6.5فیصد کردی گئی اس دوران صوبے کو 14ارب 17کروڑ 20لاکھ 10ہزار روپے سے زائد رقم ادا کی گئی ہے ۔حکام نے بتایا کہ صوبے کو اب تک مجموعی طو ر پر سیند ک منصوبے سے رائلٹی کی مد میں 27ارب 28کروڑ 28لاکھ 7ہزار روپے سے زائد رقم ادا کی جا چکی ہے ۔


