جامعہ گوادر میں اساتذہ، ملازمین اور طلبہ کا احتجاجی مظاہرہ، مغوی اساتذہ کی فوری بازیابی کا مطالبہ
گوادر (بیورو رپورٹ) گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر سمیت دیگر مغوی ارکان کی عدم بازیابی کے خلاف جامعہ کے اساتذہ، افسران، ملازمین اور طلبہ کی جانب سے یونیورسٹی کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے مغوی افراد کی فوری اور محفوظ بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی شخصیات کا اغوا نہ صرف علمی ماحول کے لیے خطرہ ہے بلکہ پورے معاشرے میں بے چینی کا سبب بن رہا ہے۔ احتجاجی مظاہرے کے دوران شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مغوی اساتذہ کی بازیابی اور تعلیمی اداروں کے تحفظ کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ مقررین نے کہا کہ جامعات علم، تحقیق اور امن کی علامت ہوتی ہیں، اور اساتذہ و ماہرین تعلیم کو نشانہ بنانا ناقابل قبول عمل ہے۔ مظاہرین نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر پروفیسر سید منظور احمد ، ڈاکٹر محمد ارشاد اور ڈرائیور حاتم علی سمیت تمام مغوی افراد کی فوری اور محفوظ بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔ شرکاءنے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ مغوی افراد کی بازیابی تک پرامن احتجاج اور آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔


