گوادر میں عید الاضحی کے موقع پر خواتین کیلئے خصوصی مینا بازار کا انعقاد
گوادر (بیورو رپورٹ) ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ کی خصوصی کاوشوں اور تعاون سے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے وژن کے تحت عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر گوادر شہر میں خواتین کے لیے خصوصی مینا بازار کا انعقاد کیا گیا، جسے عوامی حلقوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ مینا بازار میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ پورا ایونٹ محفوظ، منظم اور خاندانی ماحول کے باعث خصوصی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ یہ گوادر میں منعقد ہونے والا دوسرا خصوصی مینا بازار ہے۔ اس سے قبل عیدالفطر کے موقع پر بھی ڈپٹی کمشنر گوادر کی جانب سے کامیاب مینا بازار کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں بیس سے زائد خواتین کاروباری افراد کو اپنے آن لائن اور آف لائن کاروبار کو اسٹالز کی صورت میں پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ بعد ازاں خواتین کی معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور مقامی سطح پر ہنر کی حوصلہ افزائی کے لیے ”وومن بازار“ کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں متعدد خواتین نے اپنی مصنوعات کامیابی کے ساتھ پیش کیں۔ عوامی دلچسپی اور خواتین کاروباری افراد کے مسلسل مطالبے کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی زیر نگرانی عید الاضحی کے موقع پر ایک بار پھر مینا بازار کا اہتمام کیا گیا، جو ضلعی انتظامیہ کی عوام دوست پالیسیوں کا تسلسل ہے۔ اس بار مینا بازار میں 50 سے زائد اسٹالز قائم کیے گئے، جہاں خواتین نے مختلف اقسام کی اشیاءپیش کیں۔ مینا بازار میں دستیاب اشیاءمیں ہینڈ میڈ مصنوعات، ملبوسات، جیولری، چوڑیاں، میک اپ آئٹمز، عطر و پرفیوم، گفٹس، بچوں کے کپڑے، جوتے اور عید کی مناسبت سے کھانے پینے کی مختلف اشیاءشامل تھیں، جس نے خریداروں کے لیے ایک جامع اور ہمہ جہت خریداری کا موقع فراہم کیا۔ یہ خصوصی مینا بازار مکمل طور پر خواتین کے لیے مختص تھا، جہاں اسٹال ہولڈرز اور خریدار دونوں خواتین تھیں۔ اس اقدام سے نہ صرف خواتین کو محفوظ اور باوقار ماحول میسر آیا بلکہ انہیں معاشی سرگرمیوں میں مو¿ثر شمولیت کا موقع بھی حاصل ہوا۔


