بلوچستان میں عیدالاضحی کیلئے سیکورٹی پلان مرتب، آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے انتظامات مکمل، کالعدم تنظیموں کو قربانی کے جانوروں کی کھالیں دینے پر پابندی، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی، صوبائی حکومت
کوئٹہ (آئی این پی) بلوچستان حکومت نے عیدالاضحی کے موقع پر صوبے بھر میں سیکورٹی، صفائی اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے لیے جامع انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کالعدم تنظیموں کو قربانی کے جانوروں کی کھالیں دینے پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کی گئی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، آئی جی پولیس بلوچستان، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن، ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ، صفا کوئٹہ کے سی ای او اور دیگر حکام نے شرکت کی، اس کے علا وہ ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میںشریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران شرکا ءکو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ عیدالاضحی پر کوئٹہ شہر کو پانچ زونز میں تقسیم کرتے ہوئے 15 کولیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں سے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں جمع کی جائیں گی۔ حکام کے مطابق عید کے تین روز کے دوران شہر میں تقریبا 4ہزار 294 ٹن کچرا متوقع ہے جسے بروقت اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے لیے 9500 چھوٹی بڑی مشینری تیار رکھی گئی ہے۔ اجلاس میں آپریشن پلان کی بھی منظوری دے دی گئی۔حکام نے مزید بتایا کہ صوبے کے تمام ڈویژنل اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھی آلائشوں کی تلفی کے لیے اضافی مشینری کرائے پر لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ صفائی آپریشن کی نگرانی کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ سیکورٹی سے متعلق بریفنگ میں کہا گیا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 54بڑی عید گاہوں اور مساجد میں نماز عید کے اجتماعات ہوں گے جن کے لیے جامع سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ سیکورٹی صورتحال کی نگرانی کے لیے الگ کنٹرول روم بھی فعال کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ ڈویژنل کمشنرز، ڈی آئی جیز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز باہمی رابطہ کاری کے ذریعے تمام انتظامات کو موثر بنائیں۔ انہوں نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ عیدگاہوں اور مساجد کی سیکورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے خصوصا ضلعی ہیڈکوارٹرز میں غیرمعمولی اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ کوئٹہ سمیت بڑے شہروں میں صفائی اور انتظامات کے حوالے سے واضح اور مثبت تبدیلی نظر آنی چاہیے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ مساجد اور عیدگاہوں کے اسپیکرز کے ذریعے عوام میں صفائی اور آلائشوں کی مناسب تلفی سے متعلق آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ شہری انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔


